میدانِ کربلا میں شہید ھونے والے امام حسین کے رُفقاء کا مختصر تعارف( قسمت5)
41- سعید بن عبداللہ الحنفی
آپ کوفے کی نامی گرامی اشخاص میں سے تھے ۔ اور میدان کربلا میں بوقت نماز ظہر جب دوران جماعت دشمنوں نے تیر اندازی شروع کی تو آپ امام علیہ السلام کے سامنے کھڑے ہو گئے اور ایک بھی تیر امام کی طرف آنے نہ دیا حتیٰ کہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے ۔
42- عبد الرحمن بن عبد المزنی
آپ نہایت سعید اور مُحب آل محمد تھے۔ یوم عاشور اذنِ جنگ حاصل کر کے میدان میں آئے اور شجاعت سے لڑ کر شہید ہوئے ۔
43- نافع بن ہلال الجملی
آپ امیر المومنین علیہ السلام کے اصحاب میں شامل تھے. جمل، نہروان ، اور صفین میں شر کت کی ۔ کربلا میں سعی آب کی کوششوں میں علمدارِ کربلا کے ساتھ شریک ہوئے ۔ 12 دشمنوں کو قتل کر کے شہید ہوئے۔
44- عمر بن قرظة الانصاری
آپ مدینہ سے آ کر کوفہ میں مقیم ہو گئے تھے اصحاب امیر المومنین میں شامل تھے ۔ میدان کربلا میں امام علیہ السلام کے پیغامات عمر بن سعد تک پہنچایا کرتے تھے ۔ آپ نے بہت شجاعت سے جنگ لڑی اور با لآ خر شہید ہو کر راہ حق میں امر ہوگئے ۔
45- جون بن حوی غلام الغفاری
آپ جناب ابوذر غفاری کے غلام تھے ۔ جون پہلے امام حسن علیہ السلام کی خدمت کرتے تھے اور اس کے بعد امام علیہ السلام کے خدمت میں مصروف ہو گئے۔ آپ امام علیہ السلام کے ہمراہ مکہ سے مدینہ اور کربلا آئے، عاشورہ کے دن آپ پہلے فرد ہیں جن کو امام علیہ السلام نے کئی بار اِذنِ شہادت طلب کرنے کا باوجود منع فرمایا اور کہا " جون مجھے پسند نہیں کہ میں تم کو قتل ہوتا دیکھوں " پھر جون کا وہ جملہ جو تاریخ میں مرقوم ہے " "مولا میرا پسینہ بدبودار، حسب خراب اور رنگ کالا ہی سہی لیکن عزم شہادت میں کوئی خامی نہیں ہے۔ مولا خدارا اجازت عطا کریں تا کہ سرخ رُو ہو سکوں۔" اِذن ملنے کے بعد جب آپ شہید ہو گئے تو امام علیہ السلام نے دعا فرمائی کہ " پروردگار ان کے پسینے کو مشکبار، رنگ کو سفید اور حسب کو آل محمد کے انتساب سے ممتاز کر دے " روایت ہے کہ دعا ختم ہوتے ہی جون مثل گلاب اور پسینہ انتہائی معطر ہو گیا تھا۔
46- عمر بن خال الصیداوی
آپ کوفہ سے نکل کر مقام عذیب پر امام علیہ السلام کی خدمت میں حاضر ہوئے اور یوم عاشورہ کو عروسِ شہادت سے ہم کنار ہوئے ۔
47- حنظلہ بن اسعد شبامی
آپ امام علیہ السلام کے پاس کربلا میں پہنچے تھے اور بہت جواں مردی کے ساتھ جنگ کر کے شہید ہوئے ۔
48- سوید بن عمار الخثعمى
آپ بڑے شجاع اور آزمودہ کار زار تھے آپ کو میدان کربلا میں عروہ بن بکار اور یزید بن ورقا نے شہید کیا۔
49- یحیی بن سلیم مازنی
آپ شب عاشور بریر ہمدانی کے ساتھ پانی کے لیے کی جانے والی کوشش میں شریک تھے اور یوم عاشور کو امام علیہ السلام کے انصاروں کے ساتھ میدان کربلا میں شہید ہوئے ۔
50- قرة بن ابی قرة الغفاری
آپ نہایت شریف اور جانباز تھے ۔ یوم عاشور امام علیہ السلام سے اجازت حاصل کرنے کے بعد دشمن پر اتنی شجاعت سے حملے کیے کہ ان کے دانت کھٹے کر ديے ۔ آپ رجز پڑھتے اور حملے کرتے، یہاں تک کے شہید ہو گئے۔